اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے خصوصی افراد پر زور دیا ہے کہ وہ معذوری سرٹیفکیٹ اور نادرا کا خصوصی شناختی کارڈ ضرور بنوائیں، اس سے انہیں حکومتی سکیموں اور سہولیات سے فائدہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل برائے حقوق معذوراں سیکریٹریٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ خاتون اول کو کونسل برائے حقوق معذوراں کے مینڈیٹ اور خصوصی افراد کو دی جانے والی خدمات کے بارے میں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے معذوری سرٹیفکیٹ اور نادرا کا خصوصی شناختی کارڈ جاری کرنا خوش آئند ہے، خصوصی افراد نادرا کا خصوصی شناختی کارڈ اور معذوری سرٹیفکیٹ ضرور بنوائیں، اس سے حکومتی سکیمز اور سہولیات سے فائدہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ خصوصی افراد اپنے کوٹے کے مطابق سرکاری ملازمتیں حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان بھر میں خصوصی افراد کی نقل و حرکت آسان بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ، بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور عوامی مقامات تک خصوصی افراد کی رسائی بڑھانا ہوگی۔ خاتون اول نے کہا کہ نجی شعبے میں خصوصی افراد کی نمائندگی بڑھانے کیلئے کاروباری برادری کا تعاون ضروری ہے۔ اس موقع پر خاتول اول کو وزارت انسانی حقوق، وزارت صحت ، سی ڈی اے اور نادرا کے حکام نے خصوصی افراد کیلئے خدمات کےبارے میں بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں خصوصی افراد کو ون ونڈو آپریشن کی مدد سے معذوری سرٹیفکیٹ اور نادرا کےخصوصی شناختی کارڈ فراہم کیے جارہے ہیں، خصوصی افراد کیلئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہر 15 دن بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ خصوصی افراد کونسل برائے حقوق ِ معذوراں سے میڈیکل چیک اپ کے بعد معذوری سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ زخمی یا معذور ہونے والے افواج پاکستان کے افسران اور سپاہیوں کو بھی رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ نادرا کی خصوصی گاڑیاں کونسل کے دفتر پر رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کرتی ہیں جبکہ خصوصی افراد کو پی آئی اے اور ریلویز کی جانب سے کرایوں پر بھی خصوصی چھوٹ دی جاتی ہے۔