لاہور( خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیرا کے مقدمے میں آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالےکرنے کے منظوری دے دی ہے۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیرا اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں کمانڈنگ افسرنے آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 شرپسندوں کی حراست مانگی۔عدالت نے کمانڈنگ افسر کی اپیل پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرلی۔
جن ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ان میں سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد اکرم عثمان بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ملزمان میں عمار زوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمر، محمد رحیم، ضیاء الرحمان، وقاص علی، رئیس احمد، فیصل ارشاد، محمد بلال حسین، فہیم حیدر، ارم جنید، اور حسن شاکر شامل ہیں۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس پی کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارورائی کے لیے کمانڈنگ افسر کے حوالے کرے، کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشل ایکٹ کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے اوراب ملزمان کے خلاف مزید کارروائی آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ہوگی۔