لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں جاری یزیدیت کیخلاف آخری دم تک مزاحمت کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شدید گرم موسم میں ہمارے گرفتار کارکن تنگ و تاریک کوٹھڑیوں میں ٹھونس دیے گئے ہیں، متعدد کارکنان کو دورانِ حراست بدترین تشدد کا سامنا ہے، اس یزیدیت کے سامنے سَرنِگوں ہونے کا مطلب بحیثیت قوم ہماری موت ہے۔
حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر کریک ڈاؤن اور رہنماؤں کی پارٹی سے علیحدگی کے معاملہ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں کی طرح وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی ضمانت ملنے کے باوجود پھر سے گرفتار کر لیا گیا ہے، اب ہم پوری طرح جنگل کے قانون کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ہی اصل دستور ہے، ملک میں اس لاقانونیت کی راہ میں واحد رکاوٹ ہماری عدلیہ ہے، عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے ساتھ آئین کو بھی نہایت بےرحمی اور ڈھٹائی سے روندا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے، ہمارے قائدین کو تحریک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، سرِعام انسانی حقوق کا خون کیا جارہا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا کا گلا گھونٹا جا چکا ہے جبکہ سوشل میڈیا کارکنان، ایکٹیویسٹس کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران ریاض کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا۔