الاخبار (مانیٹرنگ ڈیسک) :چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 743 ہے۔پچھلی مردم شماری کے مقابلے میں ملکی آبادی میں تقریبا 4 کروڑ 90 لاکھ کا اضافہ ہوا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ خانہ و مردم شماری کا عمل آج رات ختم ہورہا ہے، ڈیٹا کے حصول کا عمل آج رات 12 بجے روک دیا جائے گا، مختصر مدت میں 24 کروڑ سے زیادہ لوگوں کا شمار کیا گیا۔
چیف مردم شماری کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 743 ہے، پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 74 لاکھ 74 ہزار سے زیاد ہے، سندھ کی آبادی 5 کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار سے زیادہ ہے، بلوچستان کی آبادی 2 کروڑ 19 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 59 ہزار 422 ہے۔
ڈاکٹر نعیم الظفر نے مزید کہا کہ مردم شماری میں توسیع سے ایک کروڑ 70 لاکھ مزید افراد کو شمار کیا گیا، مردم شماری میں بار بار توسیع سے کراچی اور لاہور سمیت بڑے شہروں کی آبادی میں اضافہ ہوا، مردم شماری میں مزید ایک دن کی بھی توسیع نہیں کر سکتے۔
********