راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات پر حملے افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہیں۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم اعزازات منعقد ہوئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران شاندار خدمات پر افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات پر حملے افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہیں، آرمی چیف نے 25 مئی کو یوم تکریم شہداء پاکستان منانے کا اعلان کر دیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل ہم آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پاک فوج ادارے سے منسلک ہر فرد اور اس کے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے، افواج پاکستان کا ہر سپاہی اور افسر تمام تعصبات بالاتر صرف اپنی ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے، مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب میں 51 افسران کو ستارہ امتیاز ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، 2 جوانوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا، تقریب میں بڑی تعداد میں سینئر افسران اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
********