اسلام آباد : معروف اینکر حامد میر کے آٹھ شر پسندوں کو جیل سے لاکر زمان پارک میں گرفتاری ڈالنے کے دعوے پر پنجاب پولیس نے رد عمل جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے بیان جاری کر تے ہوئے سینئر صحافی حامد میر کے دعوے کو مسترد کیا اور کہا کہ حامد میر جھوٹے پراپیگنڈے کا شکار ہوئے ، حامد میر نے پی ٹی آئی کی جھوٹی ویڈیو کو ری ٹویٹ کیا ،اس گمراہ کن ٹویٹ نے حامد میر کی ساکھ مجروح کی ،حامد میر نے لکھا ویڈیو میں آٹھ لوگ وہ ہیں جو پولیس نے زمان پارک سے گرفتار کیئے ،حامد میر نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ یہ آٹھ لوگ جیل سے نکال کر لائے گئے ،انہوں نے لکھا کہ ان کے ہاتھوں پر جیل کی مہرثبت ہے۔
یاد رہے کہ حامد میر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ہیں وہ 8 مبینہ دہشت گرد جنہیں زمان پارک لاہور سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ان سب کا دعویٰ ہے وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے اور انہیں جیل سے نکال کر زمان پارک سے گرفتاری ڈالی گئی سب کے ہاتھوں پر جیل کی مہریں بھی نظر آ رہی ہیں، جھوٹ کے پاو¿ں نہیں ہوتے اور جھوٹ آخر پکڑا جاتا ہے۔“