لاہور(خصوصی رپورٹ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں صوبائی الیکشن کمشن پنجاب لاہور میں اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 144 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 297 حلقے ہیں جن میں انتخابات کے انعقاد کے لئے 41ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 441 ریٹرننگ افسران تعینات کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں غیر جانبدارسرکاری افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔صوبہ پنجاب میں تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز نے عام انتخابات کیلئے تجویز کردہ 53ہزار 300سو پولنگ اسٹیشنزکی تصدیق مکمل کر لی ہے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے کمیشن کو بریف کیا گیا کہ این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب میں نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق 28مئی کو پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ انتخابات کی تمام تیاریاں مقرر ہ وقت پر مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔