لاہور: وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے اشتعال دلایا، مدد کی اور آگ بھڑکانے میں حصہ ڈالا ، سب کے خلاف کارروائی ہوگی، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے بھیانک واقعات ہوئے، عمران نیازی اور ان کا جتھا پاکستان کے دشمنوں سے کم نہیں۔ کور کمانڈر ہاؤس، تاریخی جناح ہاؤس جل چکا ہے اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، ان واقعات پر پوری قوم غمگین ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کا کوئی کام پاکستانی نہیں سوچ سکتا، یہ بدترین حرکت کرنے والوں کو آئین اور قانون میں درج سزائیں دی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی اور حملہ آوروں کو ڈنڈے، سریے اور اسلحہ دینے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا، جو کام شرپسند 75 برس میں نہ کر سکے وہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے کیا.