اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم احتجاج ہمارا حق ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عدلیہ سہولت کاری نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دو ججوں کو بولنے نہیں دیا گیا، ہماری سیاست میں کہیں بھی انتقام کا لفظ موجود نہیں، ذاتی طور پر شرمندہ ہوں اور جتنی بھی مذمت کی جائے ان چیزوں کی وہ کم ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جن فیملیز کا تقدس پامال ہوا، میں معافی مانگتا ہوں، ذاتیات پر مبنی سیاست نہیں ہونی چاہئے ، سیاسی مخالفت میں زبانی باتیں کرتے ہیں، حدود کراس نہیں کرتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہمارے ساتھ کچھ ہوا ہے تو بھی ہمیں حق نہیں کہ مخالفین کے ساتھ اس طرح رویہ رکھا جائے، عثمان ڈار کی والدہ اور دیگر سیاسی برادری کے گھر پر جو واقعات ہوئے ہیں میں اس پر شرم سار ہوں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کا کچھ نہیں جاتا، میرے لیے باعث شرم ہے، جن خواتین کی عزت پامال ہوئی، ان کے گھروں پر جا کر معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں۔