اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پیشی کیلئے سخت سکیورٹی میں اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچا دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی نگرانی میں پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پولیس لائنز سے لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی،عدالت پہنچنے کے بعد عمران خان ڈائری برانچ میں گئے جہاں ان کا بائیو میٹرک کیا گیا۔ عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع عدالت کے اطراف پی ٹی آئی کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکلاء نے القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت کے علاوہ 4 دیگر درخواستیں بھی دائر کیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی عمران خان کے خلاف جتنے مقدمات درج ہو چکے ان کی تفصیلات فراہم کی جائے اور ان تمام مقدمات کو یکجا کر دیا جائے۔
القادر ٹرسٹ سے متعلق کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت دائر کی گئی، درخواست میں چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بنچ تشکیل کر دیا ہے جو درخواست پر سماعت کرے گا۔
عدالت عظمیٰ نے عمران خان کو پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آج اسلام آباد ہائی کورٹ سے دوبارہ رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز چیلنج کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہونے کی وجہ سے کسی بھی قسم کی ریلی، اجتماع اور خطاب کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔