اسلام آباد( الاخبار مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ جس یونیورسٹی کے حوالے سے چیرمین پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے وہ ان کی ملکیت نہیں بلکہ ٹرسٹ کی ملکیت ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ جس پراپرٹی ٹائیکون نے اس یونیورسٹی کے لئے جگہ فراہم کی تھی اسی نے بلاول ہاؤس کی تعمیر کی تھی۔ شہباز گل کا کہنا ہے کہ وہی پراپرٹی ٹائیکون استعمال کےلئے مریم نواز کو اپنا جہاز فراہم کرتے تھے۔ اسی لئے کوئی بھی پراپرٹی ٹائیکون کا نام نہیں لیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی میںتمام طالب علم مفت میں پڑھتے ہیں اور کسی سے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد اسلامی تعلیمات کا فروغ ہے اور اس کا نصاب دنیا کے بڑے بڑے علما نے مل کر مرتب کیا ہے۔اس یونیورسٹی کے قیام کے لئے جہاں بہت سے دوسرے لوگوں نے مالی معاونت کی وہیں اس پراپرٹی ٹائیکون نے زمین فراہم کی۔