اسلام آباد: ماہر قانون بابر اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان سپریم کورٹ کی کسٹڈی میں چلے گئے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ماہر قانون بابر اعوان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ہائیکورٹ میں کارروائی کل سے اسی جگہ سے شروع ہوگی جہاں سے عمران خان کو اغوا کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیب کی تحویل میں نہیں رہے اب ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کردیا کہ عدالت میں جو بھی آئے گا اسے گرفتار نہیں کیا جاسکتا، کسی کا اختیار نہیں ہے کہ وہ احاطہ عدالت سے کسی کو بھی گرفتار کرلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپل طے کردیا گیا کہ عدالت سے کسی کو اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا اور انہیں کل دوبارہ اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی