اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ ملکی صورتحال پر عسکری اور سیاسی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ احتجاج ہرشہری کا آئینی حق ہے لیکن احتجاج ہمیشہ قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ کچھ شرپسندوں نے جس طرح سرکاری املاک اور فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا وہ قابل مذمت ہے۔۔
صدر مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی گرفتاری اور زدوکوب سے پیدا صورتحال پر پریشان ہوں، انسانی جانوں کا ضیاع باعث تشویش اور انتہائی قابل مذمت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، سرکاری اور فوجی عمارت کو پہنچائے جانے والے نقصان کی مذمت کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں جبر اور گرفتاریوں کے بجائے معاملات کا سیاسی حل تلاش کرنا ہو گا، امید کرتا ہوں کہ حالات بہتر ہوں گے۔
صدر مملکت عارف علوی نے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی بھی اپیل کی ہے ۔