پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے خفیہ سہولت کاری کا سلسلہ بند ہو جائے تو اس کی کی سیاست کا وجود بھی ختم ہو جائے گا۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی جس بنیاد یعنی بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نہ صرف حکومت ختم ہوئی بلکہ تاحیات سیاست پر پابندی بھی لگادی گئی جبکہ عمران خان جن پر سنگین ترین الزامات ہیں وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے ہیں اور دھڑا دھڑ ضمانتیں بھی حاصل کر رہے ہیں۔
محمد زبیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، وہ اپنے کارکنوں کو ریاست کے خلاف بھڑکاتے ہیں اور اپنے کارکنوں سے پولیس پر حملے کرواتے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں آتا۔
ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کی تباہ کی ہوئی معیشت شہباز شریف اور اسحاق ڈار ٹھیک کرنے میں مصروف ہیں اور امید ہے جلد پاکستان کو معاشی بحران سے نکال لیں گے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابات آئین کے مطابق اپنے وقت پر ہوں گے اور ایک ساتھ ہوں گے، حکومت کسی کے دباؤ میں آکر دوبارہ ملک کی معیشت کو تباہ نہیں کرے گی۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف بھی جلد پاکستان آئیں گے اور انتخابات میں سیاسی مہم کی قیادت کریں گے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے اور اگلے عام انتخابات میں عوام ن لیگ کو ہی کامیاب کروائیں گے۔