گووا : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید ترین اثرات کا سامنا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کےوزرائے خارجہ اجلاس سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، تمام رکن ممالک کے مفادات ایک دوسرے کیساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ رکن ممالک دیرینہ تاریخی، ثقافتی، تہذیبی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ہے، رکن ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کر کے خطے کی ترقی کی رفتار بڑھا سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے گذشتہ سال ملک میں شدید سیلاب سے ہونیوالی تباہی سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔بھارت کا ایک تہائی حصہ پانی کے نیچے ہوتا تو کیا صورتحال ہوتی، چین میں کیا ہوتا جب ہر 7 میں سے ایک شخص راتوں رات موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوتا، یہ سب میرے لوگوں کیلئے پچھلے سال ایک حقیقت تھی۔
اجلاس سے قبل وزیر خارجہ کی برادر ملک تاجکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، کانفرنس کی سائیڈ لائن میں وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب سرگئی لاروف اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے بھی ملاقات ہوئی۔
وزیر خارجہ نے گزشتہ روز وزرائے خارجہ کونسل کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی تھی جس کے دوران بھارتی وزیر خارجہ جے شنگر نے بلاول بھٹو کا استقبال خیر مقدمی جملوں سے کیا۔