واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی نژاد امریکی بزنس مین اجے سنگھ بنگا عالمی بینک کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق 25 ممبران پر مشتمل بورڈ نے بینک کے 14 صدر کی منظوری دی، اجے پال سنگھ بنگا 2 جون کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، انہیں صدر جوبائیڈن کی جانب سے5 سال کے لیے نامزد کیا گیا تھا ۔خبرایجنسی کا کہنا ہے 63 سالہ اجے پال سنگھ بنگا عالمی بینک کی صدارت کے واحد امیدوار تھے.
واضح رہے کہ عالمی بینک کے موجودہ صدرڈیوڈ مالپاس چند روز میں عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔
اجے بنگا کی عمر 63 سال ہے اور وہ امریکی کمپنی جنرل ایٹلانٹک کے نائب صدر ہیں۔ اس سے قبل وہ ماسٹر کارڈ کے صدر اور سی ای او کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔
انڈین حکومت نے 2016 میں ان کی خدمات کے نتیجے میں انہیں ’پدما شری‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔