اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی چھ دستاویزات پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ بھی موجود تھے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے مشترکہ تعاون کمیٹی اور سی پیک کے فریم ورک کے تحت ماہرین کے تبادلے کے لائحہ عمل کی دستاویز پر منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے وائس چیئرمین نے دستخط کئے۔ پاکستان سے چین کو خشک مرچوں کی برآمد سے متعلق پروٹوکول پر دستخط سیکرٹری وزارت تحفظ خوراک اور پاکستان میں چین کی ناظم الامور نے کئے۔دونوں ملکوں نے شاہراہ قراقرم کے دوسرے مرحلے کی فزیبلٹی سٹڈی کی حتمی رپورٹ سے متعلق دستاویزپر بھی دستخط کئے۔ پاکستان اور چین کے سفارتی چینلز کے ذریعے صنعتی ورکرز کے تبادلوں کے پروگرام اورسٹرٹیجک اہمیت کے حامل ایم ایل ون منصوبے کو آگے بڑھانے پر پہلے ہی اتفاق کیا جا چکا ہے۔