الاخبار(ویب ڈیسک) انڈین ایئر فورس نے روسی ساختہ مِگ 21 لڑاکا طیاروں کے پورے فِلیٹ کو پروازوں سے روک دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئرفورس نے یہ فیصلہ رواں مہینے راجھستان میں کریش ہونے والے طیارے کی وجہ سے کیا ہے۔ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور کریش کی وجوہات کا پتہ نہیں چل جاتا یہ طیارے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ آٹھ مئی کو سورت نگر ایئربیس سے پرواز بھرنے والا مِگ 21 طیارہ ہنومان گڑھ نامی گاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سینیئر دفاعی حکام نے انڈین خبر ایجنسی ایشین نیوز انٹرنینشل (اے این آئی) کو بتایا کہ ’مِگ 21 کے فِلیٹ کو اس وقت تک گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جب تک کہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ایئرفورس مخلتف طرح کے مِگ 21 پانچ دہائیوں سے استعمال کر رہی ہے اور اب یہ مرحلہ وار ختم ہونے کے راستے پر ہیں۔ آئی اے ایف میں صرف تین مِگ 21 سکواڈرن کام کر رہے ہیں اور ان سب کو 2025 کے اوائل تک مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔
یاد رہے راجستھان میں گر کر تباہ ہونے والا لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی۔
آئی اے ایف کے پاس 31 لڑاکا طیارہ سکواڈرن ہیں جن میں سے تین مِگ 21 طیاروں پر مشتمل ہیں۔ مِگ 21 کو 1960 کی دہائی میں انڈین ایئرفورس میں شامل کیا گیا تھا۔