لاہور: لاہور پریس کلب کے کے باہر عمران ریاض خان کی بازیابی کے لئے صحافی برداری کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں صحافی برادری اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد شریک رہی۔ اس موقع پر صحافیوں کا کہنا ہے کہ عمران ریاض خان کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ ان کو جبری لاپتا کیا گیا ہے جس پر صحافتی برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ اس موقع معروف اینکر اقرار الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض خان کا بنیادی حق ہے کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو کورٹ آف لاء اس کا فیصلہ کرے۔انہوں نے دیگر سینئر صحافیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ دیگر سینئر صحافیوں کو بھی چاہئے کہ وہ عمران ریاض خان کی جبری گمشدگی کے خلاف آواز بلند کریں۔
دیگر صحافیوں کے ساتھ ندیم زعیم نے جبری گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض خان پر ماضی میں بھی بہت سے کیسز بنائے گئے ۔ اگر عمران ریاض خان نے اگر کوئی ریاست کے خلاف کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں لے جایاجائے نہ کہ جبری گمشدگی کے ذریعے ظلم اور لاقانونیت کے ذریعے فیصلہ کیا جائے۔ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عمران ریاض خان کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
اس موقع پر شرکاء نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماضی میں ارشد شریف کے واقعہ سے صحافتی برداری اور قوم میں سخت اظطراب اور تشویش پائی جاتی ہے، اب ارشد شریف جیسے سانحہ کو دوبارہ رونما ہونے سے ملک و قوم کو بچائے جائے۔ تاکہ ملک میں حق آزادی رائے کو دبانے کی مذموم کوششوں کا ازالہ ہو۔ سپریم کورٹ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضروی احکامات جاری کرے۔