اسلام آباد: جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ،یہ وہ شہداءہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن و استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ ہم نے اور چشم فلک نے 9 مئی جیسے واقعات کبھی نہیں دیکھے، جنہوں نے ظالمانہ قدم اٹھایا وہ چھپ نہیں پائیں گے انہیں سزا ملے گی، شہدا کے بچوں کو یوتھ اور زرعی قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا کوئی سیاسی جماعت ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی، گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کنونشن کا تقاضہ ہے کہ شہدا کو قیامت تک یاد رکھیں، شہیدوں کی عظمت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی، شہدا نے جواں مردی سے ہر حالات کا مقابلہ کیا، نو مئی کو ملک میں درندگی ہوئی اور پاکستان کی تاریخ میں المناک ترین واقعہ پیش آیا۔
شہباز شریف نے کہا کہذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایا۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں ،ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو، اب اگر میں بھی سفارش کروں تب بھی گناہ گاروں کو سزا ملے گی اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی۔