خدیجہ شاہ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 7 دن کے لیے شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز خدیجہ شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا جو سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی پوتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خدیجہ شاہ کو چہرہ ڈھانپ کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت نے ملزمہ کو کمرہ عدالت میں شوہر جہانزیب امین سے ملاقات کی اجازت بھی دیدی ہے ۔ خدیجہ شاہ عدالت کے بعد دو گھنٹے قیدی وین میں بیٹھیں رہیں، گرمی اور دمہ کے باعث قیدی وین میں خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہو گئی۔ تفتیشی افسر کے آنے پر انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں تحریک انصاف کی رہنما کو لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے اب انہیں شناخت پریڈ مکمل کر کے دوبارہ 30 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خدیجہ شاہ کو چہرہ ڈھانپ کر کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے خدیجہ شاہ کو کمرہ عدالت میں شوہر سے ملاقات کی اجازت بھی دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں پولیس نے خدیجہ شاہ کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوانے کی استدعا کی تھی۔