کراچی : متعدد رہنماؤں کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی پارٹی اور سیاست کو خیر باد کہہ دیا ۔
علی زیدی نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے اور پاکستان کے لیے ہی سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور دوبارہ کرتا ہوں، افواج پاکستان ہمارا فخر ہے، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہوا وہ غلط ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہو اسے کیفرکردار تک پہنچانا ضرروی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کام کریں گے اور باہر سے سرمایہ کاری لائیں گے ، سیاست کو خیر باد کہتا ہوں، پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ باد۔