احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا القادر ٹرسٹ کیس میں جسمانی ریمانڈ دینے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تحریری فیصلے میں عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والی ٹیم میں ڈاکٹر فیصل کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دورانِ ریمانڈ عمران خان کو اہلیہ سے بات کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ دورانِ ریمانڈ عمران خان کے وکلاء ملاقات کرنا چاہیں تو اجازت ہو گی۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹر فیصل اپنی طبی ٹیم کے ساتھ عمران خان کا طبی معائنہ کر سکتے ہیں۔احتساب عدالت کے تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دورانِ ریمانڈ عمران خان کو اپنے رشتے داروں سے ملنے کی بھی اجازت ہو گی۔
تحریری فیصلے میں احتساب عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ عمران خان اہلیہ کے ساتھ فون پر بات کرنا چاہیں تو اس کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی پولیس لائنز میں لگنے والی احتساب عدالت نے عمران خان کا القادر ٹرسٹ کیس میں 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کیا تھا۔