لاہور: نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک وفد آج زمان پارک جائے گا اور تلاشی لے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور عمران خان کے درمیان نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے جمعے کو مذاکرات ہوں گے، حکومتی ٹیم دوبجے کے بعد کمشنر لاہور کی سربراہی میں زمان پارک جائے گی۔
رہائش گاہ کی تلاشی لینے پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں 400 پولیس اہلکار زمان پارک کے سرچ کا حصہ بنیں گے۔جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں وفد ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں زمان پارک کی تلاشی لے گا۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہاں 4 نہیں 40 دہشتگرد ہیں، اس لیے کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے۔اس سے قبل نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ زمان پارک سے فرار کی کوشش کرنے والے 8 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشتگرد کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت پہلے ہی کی جا چکی تھی۔