سری لنکا پر فتح نے سابق اسٹارز کا غصہ کچھ ٹھنڈا کردیا

Pakistan beat Sri Lanka by 6 wickets

لاہور:  پاکستان کی ایشیا کپ کے آخری میچ میں فتح نے سابق ٹیسٹ اسٹارز کا غصہ کچھ ٹھنڈا کر دیا، مصباح الحق کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس بھارتی سرزمین پر ورلڈ ٹوئنٹی20 میں حریف سائیڈز کوچیلنج دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاکہ میچ میں پاکستانی ٹیم اور کپتان دباﺅ کا شکار تھے، سری لنکن اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا، فلیٹ وکٹ پر160رنز سے زیادہ اسکور بننا چاہیے تھا لیکن پاکستانی بولرز نے آخری 6 اوورز میں نہایت نپی تلی بولنگ کی، انھوں نے کہا کہ اس میچ کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں گرین شرٹس ترنوالہ ثابت نہیں ہوں گے اور تمام حریف سائیڈز کو چیلنج دیں گے، ثقلین مشتاق نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین ڈاٹ گیندیں بہت کھیلتے ہیں۔سرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کے باوجود مسلسل تین بالز ضائع کیں، یہ مسئلہ دور کرنے کی ضرورت ہے، آف اسپنر سعید اجمل نے کہا کہ کھیل کے ابتدائی13اوورز تک سری لنکن کرکٹ ٹیم چھائی رہی اور بغیر کسی نقصان کے102رنز بنا لیے،اس موقع پر بظاہر لگ رہا تھاکہ آئی لینڈرز180سے زیادہ کا مجموعہ پا لیںگے تاہم پاکستان نے آخری7 اوورز میں انتہائی عمدہ بولنگ کی، سعید اجمل نے کہا کہ کرکٹ مقابلوں میں اسی طرح کی کارکردگی درکار ہوتی ہے، اگر کھلاڑیوں میں ایسا ہی جوش وخروش ابتدائی میچز میں ہوتا تو ایشیا کپ میں ہماری پوزیشن مختلف ہوتی.

Scroll To Top