لاہور میں فائرنگ سے زخمی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اسپتال میں دم توڑ گئیں

لاہور: ہربنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اپنی گاڑی میں محافظ کے ہمراہ ہربنس پورہ میں واقع اپنے گھر جارہی تھیں کہ انہیں موٹرسائیکل پر سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، ملزمان نے قسمت بیگ کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ادکارہ شدید زخمی ہوگئیں جب کہ ان کا محافظ بھی زخمی گیا، ملزمان اداکارہ کا موبائل فون اور چین لے کر فرار ہوگئے۔

واقعہ کے بعد اداکارہ کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طویل آپریشن کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب قسمت بیگ کےخاندانی ذرائع کا کہنا ہےکہ اداکارہ پر اس سے قبل بھی دو بار حملہ ہوچکا ہے اور اس بار بھی فائرنگ کے نتیجے میں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جو کوئی ڈکیتی کی واردات نہیں بلکہ اداکارہ کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

پولیس کےمطابق اداکارہ حنا عرف قسمت بیگ کو 8 گولیاں لگیں، پولیس کا کہنا ہےکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اکٹھا کرکے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے جب کہ اداکارہ کے محافظ کا بھی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔

Scroll To Top