واٹس ایپ میں نقصان دہ لنک پھیلنے لگا

— کریٹیو کامنز فوٹو

واٹس ایپ نے گزشتہ دنوں اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز صارفین کے لیے ویڈیو کالنگ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کررہے تھے۔

ابھی یہ فیچر بتدریج صارفین تک پہنچایا جارہا ہے مگر ہیکرز نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے نقصان دہ لنکس پھیلانے شروع کردیئے ہیں جس میں ولکگوں کو ویڈیو کالنگ ڈاﺅن لوڈ کرنے کی دوت دی جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان لنکس میں صارفین کو گروپ کالنگ فیچر ڈاﺅن لوڈ کرنے کی دعوت بھی دی جاتی ہے جس کو اب تک واٹس ایپ نے بھی متعارف کرانے کا اعلان نہیں کیا۔

ان لنکس میں یہ لکھا ہوتا ہے ‘ You’re invited to try WhatsApp Video Calling feature. Only people with the invitation can enable this feature ‘ ۔

اگر ان لنک پر کلک کیا جائے تو کہا جاتا ہے کہ مزید دوستوں کو بھی ویڈیو کالنگ فیچر کے لیے دعوت دی جائے تاکہ آپ کی ڈیوائس پر یہ فیچر کام شروع کرسکے۔

تاہم یہ دھوکے بازی ہے اور اس کے ذریعے ہیکرز صارفین کے ذاتی کانٹیکٹس، میلز، دستاویزات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

اگرچہ واٹس ایپ نے گزشتہ سال وائس کالنگ فیچر کے لیے اس طرح کا انوائیٹ سسٹم متعارف کرایا تھا مگر ویڈیو کالنگ کو براہ راست اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔

مگر اس چیز کا فائدہ اب ہیکرز اٹھا کر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

تو واٹس ایپ پر اس طرح کا لنک ملے تو اسے کسی صورت بھی کلک نہ کریں چاہے وہ کسی دوست کی جانب سے ہی کیوں نہ موصول ہو۔

Scroll To Top