پاکستان اور ویسٹ انڈیز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آج مدمقابل ہوں گے

دبئی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کل پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے سیریز کا آغاز ہوگا۔

دورہ انگلینڈ مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم کا اگلا ٹاکرا ویسٹ انڈیز سے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ہوم سیریز کی صورت میں ہوگا۔ 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آج ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا جب کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ہی ٹیموں کے انجری کے مسئلے نے گھیرے میں لیا ہوا ہے، مہمان ویسٹ انڈیز کو جارح مزاج بلے باز کرس گیل، لینڈل سیمنز اور آندرے رسلز کی خدمات حاصل نہیں جب کہ قومی ٹیم کے طویل القامت پیسر محمد عرفان اور رومان رئیس انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کپتانی کے حصول کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھائیں گے جب کہ اس سے قبل انہوں نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنا سکہ منوایا تھا۔ ایسی ہی صورتحال ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کے ساتھ ہے جنہیں حال ہی میں قیادت سونپی گئی ہے۔

گرین شرٹس کا اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، شرجیل خان، خالد لطیف، عمر اکمل، شعیب ملک، بابراعظم، محمد رضوان، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد نواز، سعد نسیم اور رومان رئیس پر مشتمل ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی قیادت کارلوس بریتھ ویٹ کریں گے جنہیں ایون لیوس، جانسن چارلس، مارلن سیمولز، آندرے فلیچر، کیرون پولارڈ، ڈیوائن براوو، جیروم ٹیلر، سیموئل بدری، سنیل نارائن، رومین پاویل، نیکولس پورن ، جیسن پولڈر، کیسرک ولیم اور چیڈوک والٹن کی خدمات حاصل ہیں۔

Scroll To Top