قرنطینہ میں سہولیات، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، عمران خان

لوگوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ، مجھے مستقل آگاہ کیا جائے،ہر روز مقررہ اوقات میں عوام کو بھی آگاہ کیا جائے کہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے کیا انتظامات کئے جا رہے ہیں

ڈیرہ غازی خان(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور مجھے اس حوالے سے مستقل آگاہ کیا جائے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں سینٹرل کنٹرول روم میں ایران سے آنے والے زائرین کے لئے قرنطینہ میں کئے گئے انتظامات، اور قرنطینہ مرکز میں زائرین سے ان کی خیریت دریافت کرنے کے بعد صوبہ پنجاب میں کو رونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیف سیکرٹری پنجاب، آءجی پنجاب، اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبہ پنجاب میں کو رونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہر روز مقررہ اوقات میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے کہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے کیا انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور مجھے اس حوالے سے مستقل آگاہ کیا  جائے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پناہ گاہوں میں ڈیلی ویجرز کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی سکریننگ کے انتظامات بھی کئے جائیں ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیراعظم کو مارکیٹوں، یونین کونسلز میں کو رونا وائرس کی صورتحال کے ضمن میں اشیائے ضرور یہ کی دستیابی کے حوالے سے مانیٹرنگ اور مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی، اور ان کو قرار واقعی سزا دینے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔ اس صورتحال میں جو لوگ ذخیرہ اندوزی کے مرتکب ہو رہے ہیں ان کو بے نقاب کیا جائے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ بدلتی صورتحال کے مطابق اقدامات کا جائزہ لیا جائے اور موثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

 

You might also like More from author