عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کورونا وائرس کےخلاف ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد پر اتفاق

ah

لاہور( این این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس  میں کورونا وائرس کے خلاف ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا اور اجلاس کے شرکاءنے کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیاگیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور سکریننگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ضروری ہوتے ہیں۔صوبے کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایک صفحے پر ہے۔معاشرے کے ہر طبقے کو کورونا وائر سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔کورونا وائرس کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ملتان میں 5 ہزار افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا انتظام کر لیا ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کو وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔حکومتی اقدامات عوام کی حفاظت کیلئے اٹھائے ہیں۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ہم کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔یہ ایک نیشنل کاز ہے اور ہم سول حکومت کا پورا ساتھ دیں گے۔اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار ہو چکی ہے۔پاکستان میں اس وقت 239 کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہے۔ اجلاس میں تفتان میں پنجاب حکومت کی جانب سے قرنطینہ کی سہولت قائم کرنے کی تجویز پر غور کیاگیاجبکہ کورونا وائرس کے مشتبہ مسافروں کیلئے لاہور میں حج ٹرمینل کو قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کرنے کی تجویز کابھی جائزہ لیا گیا-ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن اور صوبائی سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا وائرس سے پےدا ہونے والی صورتحال ،احتےاطی تدابےر اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی-

You might also like More from author