پاکستان کا امن و سلامتی کیلئے وژن قابل قدر ہے: انتونیو گوتریس

امن مشنز میں قربانیاں دینے والے پاکستانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے،فخر ہے کہ میں امن مشنز کے جوانوں کا ساتھی ہوں، اسلا م آباد امن کیلئے اہم ترین کام کررہا ہے

اسلام آباد(صباح نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاہے کہ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد جوانوں نے امن مشنز کے لیے کام کیا، قربانیاں دینے والے پاکستانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار پر سیمینار سے خطاب میں پاکستانی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ میں امن مشنز کے جوانوں کاساتھی ہوں، نسٹ میںخطاب میرے لئے فخر ہے ،پاکستان امن کیلئے اہم ترین کام کررہا ہے۔ نسٹ طلباءتعلیم کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کیلئے بھی کام کررہے ہیں، تعلیم کے میدان میں آپ کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ، پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز کیلئے کام کیا، امن مشنز میں 157 جوانوں نے شہادت پائی پاکستان افسران امن مشنز میں فرسٹ کمانڈو کے طورپر کام کررہے ہیں،پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلین کا عزم امن مشنز کیلئے شاندار ہے، 1948 سے اب تک 70 سے زائد امن مشنز کام کرچکے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ امن مشنز کو نئے چیلنجز درپیش ہیں، تنازعات کے حل کیلئے اقدامات میں مشکلات درپیش ہیں ۔ نئی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے جنگ کے طریقہ کارکوبدل دیا ہے۔ نئے چیلنجز امن کے تمام شراکت داروں کیلئے اہم ہیں۔ پاکستانی حکومت کا امن و سلامتی کیلئے وژن قابل قدر ہے۔ اقوام متحدہ سیکرٹریٹ میں امن و سلامتی کے حوالے سے پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن مشنز میں حادثات کی شرح کم ہوئی ہے۔ امن مشنز میں پہلی بار پاکستانی خواتین کی شمولیت انتہائی خوش آئند ہے۔ خطرناک علاقوں میں خواتین اہلکار عوام کے اعتماد کیلئے اہم کردارادا کررہی ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے کہاکہ امن مشنز کا تشخص آج انتہائی مثبت ہوچکا ہے۔ پاکستان امن مشنز کے حوالے سے بہترین مثال ہے ۔ ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستانی امن مشنز سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا ، ۔ تصویری نمائش پاکستان کی اقوام متحدہ کے ساتھ 6دہائیوں پر محیط سفر کی کہانی ہے۔ پاکستان کے پہلے امن دستے کی کانگو میں 1960 میں تعیناتی نمائش کا حصہ ہے۔ تصویری نمائش پاکستان کی امن کاوشوں اور عالمی امن کیلئے خدمات پر مرکوز ہے۔ نمائش میں پاک فوج کے 1960 سے 28 ممالک 46 امن مشنز میں خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ نمائش امن مشنز میں جان دینے والے 157پاکستانی اہلکاروں کی قربانی کا ادراک ہے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا امن کیلئے ایکشن پروگرام بھی نمائش کا حصہ ہے۔تصویری نمائش میں مختلف امن مشنز میں 78 پاکستانی خواتین کی خدمات کو دکھایا گیاہے۔ ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل نعمان ذکریا نے کہاکہ پاکستان 18سال سے اقوام متحدہ امن مشنز میں اپنے فوجی بجھوا رہا ہے۔ پاکستان عالمی امن مشنز میں فوجی اہلکار بجھوانے والا چھٹا بڑا ملک ہے اس وقت دنیا کے 9ملکوں میں پاکستان کے 4 ہ زار 460 مردو خواتین اہلکار تعینات ہیں۔اقوام متحدہ عالمی مشنز میں نامزد اہلکاروں کو 4مختلف تربیتی کورس کرائے جاتے ہیں۔ پاکستانی 400 خواتین اہلکار بھی امن مشنز میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پاکستان کے 156 اہلکاروں نے عالمی امن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ڈی جی ایم او نے کہاکہ تربیت کے شعبوں میں بھی پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے فرمایا تھاکہ پاکستان دنیا کے پسے ہوئے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گا اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستانی دستوں کی شمولیت بابائے قوم کے قول کی عکاس ہے۔ جبکہ نسٹ ریکٹر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکز بین الاقوامی امن و استحکام میں پاک فوج کے 30 ہزار اہلکار تربیت حاصل کرچکے ہیں ۔نسٹ میں اس وقت 17 ہزار طلباءزیر تعلیم ہیں

You might also like More from author