پارٹی اراکین مہنگائی کےخلاف میرا ساتھ دیں: دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا، عمران خان

  • ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہے،میڈیکل کے شعبہ کو لوگوں نے دکانداری بنالیا ، لوگ اپنے میڈیکل کالج چلا رہے ہیں اور بورڈ کے ممبران بھی ہیں
  • میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات لاکر ان کا قبلہ درست کرنا ہے، یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں ،اس میں ملوث لوگوں کے لیے سخت سے سخت سزا تجویز کریں گے، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی

اسلام آباد(الاخبار نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم نے پارٹی اراکین کو فکرمند نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔وزیراعظم نے پارٹی اراکین سے کہا کہ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پارٹی اراکین کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگ فکر مند نہ ہوں سب ٹھیک ہوجائے گا۔عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مہنگائی کے خلاف  میرا ساتھ دیں، ہم ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات دن بدن بد ترین ہو رہے ہیں میں بہت جلد کراچی کا دورہ کروں گا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تمام ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے تمام اراکین کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پاکستان میڈیکل اتھارٹی کا بل پاس کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ذرائع وزیراعظم کے مطابق عمران خان نے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ کو لوگوں نے دکانداری بنایا ہوا ہے، لوگ اپنے میڈیکل کالج چلا رہے ہیں اور بورڈ کے ممبران بھی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات لاکر ان کا قبلہ درست کرنا ہے، یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اس میں ملوث لوگوں کے لیے سخت سے سخت سزا تجویز کریں گے۔

Scroll To Top