روایتی سیاستدانو ں کو تیسری نسل کا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے فردوس عاشق اعوان

  • مولانافضل الرحمن کا حکومت سے جھگڑا غریب عوام کےلئے نہیں اسد محمود ، زر داری ، بلاول ، نواز ، مریم ، ایمل ولی اور اسفند یار ولی کےلئے ہے
  • انارکی سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ہمنواﺅں سمیت ناکام و نامراد رہیںگے، معاون خصوصی


اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والوں کو اپنی تیسری نسل کا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے، مولانافضل الرحمن کا حکومت سے جھگڑا غریب عوام کےلئے نہیں اسد محمود ، زر داری ، بلاول ، نواز ، مریم ، ایمل ولی اور اسفند یار ولی کےلئے ہے ،مولاناصاحب! ملک کو انارکی سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم میں آپ اور آپ کے ہمنوا ناکام و نامراد ہوں گے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ دہائیوں سے قوم پر مسلط رہنے والوں کو اپنی تیسری نسل کا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ غریب عوام کے لیے نہیں بلکہ فضل الرحمان کا حکومت سے جھگڑا اسد محمود کیلئے ۔ انہوںنے کہاکہ زرداری کا جھگڑا بلاول کیلئے ، نواز کا جھگڑا مریم کیلئے۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کا جھگڑا حمزہ شہباز کیلئے اور اسفند یار ولی کا جھگڑا ایمل ولی کیلئے ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ جنگ عمران خان کی ذات کی جنگ نہیں ہے یہ پاکستان پر گزشتہ 35 سالوں سے مسلسل حکومت کرنے والے مافیا اور 22کروڑ عوام کی جنگ ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب یہ اکٹھے حکومت سے باہر ہوئے ہیں تو سب یکجا ہو کر منتخب حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 22کروڑ مظلوم عوام نے اپنی مرضی کا حکمران اپنے اندر سے چنا تو مولانا مافیا کے ساتھ مل کر 31 سال سے ناجائز حکمرانوں کا کھایا ہوا نمک حلال کرنے میں پیش پیش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مولاناصاحب! ملک کو انارکی سے دوچار کرنے کے مذموم عزائم میں آپ اور آپ کے ہمنوا ناکام و نامراد ہوں گے۔

Scroll To Top