فیشن شوکے دوران ماڈل کی سینڈل ٹوٹنے کے بعد کیا ہوا؟ ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل

اپنے ساتھی کی مدد کے بعد ماڈل نے شرمندہ ہونے کے بجائے نہایت پروقار انداز میں ریمپ پر واک جاری رکھی۔ فوٹوسوشل مڈیا

کراچی: فیشن پاکستان ویک کے دوران ریمپ پرواک کرتی ماڈل کی اچانک سینڈل ٹوٹ گئی جس کے بعد ماڈل کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا کہ لوگ حیران رہ گئے۔

کراچی میں منعقد ہونے والا تین روزہ پاکستان فیشن ویک جہاں معروف ڈیزائنرزکے جھلمل کرتے لباس کی وجہ سے یاد گاررہے گا، وہیں فیشن شو کے دوران کچھ ایسے واقعات پیش آئے جنہیں لوگ بہت عرصے تک بھول نہیں پائیں گے۔ جیسے فیشن شو کے دوران ڈیزائنرصبا اسد کا واک کرتے ہوئے ریمپ پرگرنا، ہادیہ ہاشمی کا ’’اللہ ہو‘‘ پڑھنا اورشنیرا اکرم کا اونچی ایڑی کی سینڈل کے بجائے جوگرزمیں ریمپ پرواک کرنا۔ لیکن فیشن شوکے دوران گزشتہ روزایک ایسا واقعہ بھی پیش آیا جسے دیکھ کرلوگ خوشگوار حیرانی میں مبتلا ہوگئے۔ ریمپ پر جب تمام ماڈلزجھلمل کرتے لباس پہن کر واک کررہی تھیں اس وقت ایک ماڈل کی سینڈل ٹوٹ گئی۔

اس موقع پرماڈل نہایت شرمندہ نظرآئی تاہم ماڈل کے ساتھ چلتے ہوئے مرد ماڈل نے نہ صرف خاتون کو سنبھالا بلکہ نیچے بیٹھ کر اس کے پیروں سے ٹوٹی ہوئی سینڈل نکال کر اپنے ہاتھ میں لے لی اور چلنا شروع کردیا۔ ہال یہ منظر دیکھ کر تالیوں اور چیخوں سے گونج اٹھا اورلوگوں نے اس شخص کے اس عمل کو خوب سراہا۔

اپنے ساتھی کی مدد کے بعد ماڈل نے شرمندہ ہونے کے بجائے نہایت پُروقار انداز میں ریمپ پر واک جاری رکھی۔ سوشل میڈیا پر خاتون ماڈل کی مدد کرنے والے شخص کی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔ اداکارہ مہوش حیات نے بھی ماڈل کے اس عمل کو سراہا ہے۔

Scroll To Top