سوکا ورلڈ کپ؛ سلووینیا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست کا سامنا

بوگنر کی ہیٹرک، پاکستان اپنا دوسرا میچ رومانیہ سے کھیلے گا (فوٹو: فائل)

کریٹ: دوسرے سوکا ورلڈ کپ کے گروپ ’ایچ‘ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں سلووینیا کے ہاتھوں ایک کے مدمقابل 5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گریس میں ہونے والے دوسرے سوکا فٹ بال ورلڈ کپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف عمدہ کھیل پیش کیا۔ شہاب رضا، کریم کیرائے، محمد علی اور حبیب الرحمن نے دوران میچ گول کرنے کے یقینی مواقع گنوائے۔ یونان کے شہر کریٹ کے دی لیثرر لیگز اسٹیڈیم ریدیمنو کی آسٹروٹرف پر گروپ ’ایچ‘ میں کھیلے گئے میچ میں سلوینیا نے گول کرنے کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ پاکستان برق رفتار کھیل پیش کرنے کے باوجود یقینی مواقع سے فائدہ نہ اٹھاسکا۔

چھٹے منٹ میں الیکس مالیوجیوک نے سلووینیا کو پہلے برتری دلائی جسے 12ویں منٹ میں جورے کینڈار نے ڈبل کردیا۔ وقفہ پر پاکستان کی ٹیم 2-0 کے خسارے میں تھی تاہم 23 ویں منٹ میں پاکستانی مڈ فیلڈر محمد علی نے میچ کا خوبصورت ترین گول اسکور کیا اور 30 گز کی دوری سے زور دار کک کے ذریعے گیند کو جال کے سپرد کرکے اسکور 2-1 کردیا۔

اگلے ہی منٹ اینڈراز سیپک نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکورکیا۔ 27 ویں منٹ میں نیون گرا نے چوتھا جبکہ جورے کینڈار نے انفرادی دوسرا اور مجموعی طور پر پانچواں گول اسکور کرکے سلووینیا کو 1-5 کی کامیابی کے ساتھ میدان سے باہر لائے۔

Scroll To Top