وزیراعظم کا دورہ چین :دونوں ممالک میں لازوال دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرےگا، فردوس عاشق اعوان

  • مسئلہ کشمیر پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں،دورہ معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا
  • دونوں ملکوں کی تعلقات ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی محبتوں کی آئینہ دار ہے ،معاون خصوصی برائے اطلاعات

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین دونوں ممالک کے مابین گہری اور لازوال دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرے گا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی محبتوں کی آئینہ دار ہے جس کی اقوام عالم میں بھرپور گونج سنائی دیتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ دورہ معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں تشویشناک صورتحال پر چینی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی تاریخی فیصلوں سے بھی آگاہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

Scroll To Top