مسافر کوچ حادثہ،پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت27 افراد جاں بحق

  • پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن ،زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا ، جاں بحق ہونیوالوں کی لاشیں ہسپتال منتقل، آئی ایس پی آر
  • اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے بابو سر ٹاپ کے قریب گٹی داس کے مقام پر پہاڑ سے ٹکرا گئی، جاں بحق ہونیوالوںمیں خواتین اور بچے بھی شامل ، 15 زخمی کئی کی حالت تشویشناک

دیامر(این این آئی)سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ کے قریب مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی جس میں پاک فوج کے 10 سپاہی بھی شامل ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق اسکردو سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے بابو سر ٹاپ کے قریب گٹی داس کے مقام پر پہاڑ سے ٹکرا گئی۔پولیس کے مطابق حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو چلاس کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دور دراز علاقے کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں ، 12 مسافر شدید زخمی ہیں۔بعدازاں بالاکوٹ کے ہسپتال منتقل کیے گئے 6 میں سے ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔انچارج ہسپتال ڈاکٹر ضیا کا بتانا ہے کہ مردان کا رہائشی واجد علی بالاکوٹ اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسافر کوچ حادثے میں جاں بحق افراد میں پاک فوج کے 10 جوان بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا ہے ،26 افراد کی لاشیں بھی ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔آخری اطلاعات کے مطابق بابو سرٹاپ پر ہونے والے حادثے پر پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری تھا۔

Scroll To Top