اسلاف کی قربانیاں حب الوطنی کوفروغ دینے کا کا تقاضا کرتی ہیں، ایئر چیف

  • 7 ستمبر یوم شہداءکے طور پر منایا گیا ، دن کا آغاز1965ءاور 1971ءکی جنگوں کے شہداء کےلئے خصوصی دعاﺅں اور قرآن خوانی سے کیا گیا
  • حالیہ آپریشن میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے دنیا کو دکھلا دیاکہ اپنی نیلگوں فضاﺅں کی حفاظت کےلئے ہر دم تیار ہیں، مجاہد انور خان کا تقریب سے خطاب


اسلام آباد (الاخبار نیوز) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداءکے طور پر منایا۔اسی سلسلے میں ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز1965ءاور 1971ءکی جنگوں کے شہداءاور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاﺅں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاﺅں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطرشہداءکا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی ، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداءکی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

Scroll To Top