اخلاقی قوت فوجی قوت سے زیادہ ہوتی ہے،جنرل قمرجاوید باجوہ

  • پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے،، نوجوانوں نے بطور لیڈر پا کستان کی سمت کا تعین کرنا ہے، ہم سب کو سوچنا پڑے گا کہ اگر ہم نے ملک کو آگے کی طرف لے کر جانا ہے تو میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا محنت کا کوئی نعم البدل نہیں
  • ہمارے جوان ایسے ہیں میں ان سے پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں ، سندھ پاکستان کی جان ہے ، کراچی کودہشت گردوں سے صاف کرایا ہے،آرمی چیف کی سندھ کے نوجوانوں سے گفتگو

راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے یہ تبدیلی کی شروعات ہےں،دنیا کو بتایا کہ جان نچھاور کرنے والے بچے پیدا کرنے والی ماﺅں اور پسینہ مانگنے پر خون دینے والے نوجوانوں کی بدولت پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں ،پاکستان کے بنانے میں سندھ کا بہت اہم کردار ہے،سندھ کے جوان ہمارے بہترین، محنتی، وفادار جوان ہیں، ہم نے پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جو اس کا حق ہے،جس ڈائریکشن میں نوجوان نسل جائے گی پاکستان اس ڈائریکشن میں چلا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ٹویٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو آئی ایس پی آر میں سندھ بھر کی یوتھ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔تقریب میں نوجوانوں کی جانب سے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ کے عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے،پاکستان کے بنانے میں سندھ کا بہت اہم کردار ہے،سندھ کے جوان ہمارے بہترین، محنتی، وفادار جوان ہیں،اگر ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نئی نسل پاکستان کی امید ہیں،ہم نے پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جو اس کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا پڑے گا کہ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو میرٹ کی بنیاد پر لے جا سکتے ہیں،میرٹ کا کوئی نعم البدل نہیں،جس ڈائریکشن میں نوجوان نسل جائے گی پاکستان اس ڈائریکشن میں چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب آدمی پانی کے رخ کے مخالف یعنی رکاوٹوں کو عبور کرکے آگے جاتا ہے۔سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں، امریکہ بھی گیا، وہاں بھی پوچھا کہ کیسے ہم نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں،میں دو باتیں کرتا ہوں ایک تو ہماری مائیں ایسی ہیں جو ملک پر جان نچھاور کرنے والے بچے پیدا کرتی ہیں،دوسرا ہمارے جوان ایسے ہیں کہ پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے اندر ہمارا اصول ہے کہ جوان کو یہ نہیں کہتے کہ ایڈوانس کرو بلکہ کہتے ہیں فالو می،ہمارا لیڈر اور افسر ہمیشہ سب سے آگے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا رشتہ انسانیت کا ہوتا ہے،کسی مذہب میں اجازت نہیں کہ آپ کسی کا حق ماریں۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی قوت فوجی قوت سے بہت زیادہ ہوتی ہے، ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے،یہ تبدیلی کی شروعات ہے۔ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سندھ کے نوجوان بہت مضبوط بچے ہیں آپ سمندروں کا رخ بدل سکتے ہیں،اپنی یوتھ کو نیشنل لیول پر وہاں لانا ہے جہاں ہماری آواز سنی جائے ، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا کیونکہ دنیا میں انقلاب ہمیشہ نوجوان ہی لاتے ہیں ۔

You might also like More from author