آخری فوجی آخری گولی تک لڑیں گے بھارت سے پرانا قبضہ چھڑانے کا وقت آ ن پہنچا ترجمان پاک فوج

  • نریندر مودی نے سرد خانے میں پڑے مسئلے کو پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بنادیا ،آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے،قوم تسلی رکھے، مایوس نہیں کریں گے،مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں
  • بھارت آزاد کشمیر کی جانب پیش قدمی تو بھول ہی جائے،اگر اس نے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش کی تو اسے بھرپور سرپرائز دیں گے ، ڈائر یکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل آصف غفور کی میڈیا کو بریفنگ
    اسلام آباد:۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پریس کانفرنس کر رہے ہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور فردوس عاشق اعوان بھی نمایاں ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ اب بھارت سے پچھلا قبضہ چھڑوانے کا وقت آگیا ہے،وزیر اعظم اور آرمی چیف کا آخری حد تک جانے کا بیان فوج کا بیانیہ ہے، کشمیر کے لیے آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑیں گے۔دفتر خارجہ میں خصوصی کمیٹی برائے کشمیر امور کے اجلاس کی میڈیا بریفنگ کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو اسے سرپرائز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر کی جانب پیش قدمی تو بھول ہی جائے، تاہم اب بھارت سے پچھلا قبضہ چھڑوانے کا وقت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے۔مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے کشمیر کے لیے بہت اچھا کام کیا ہے، ایک سرد خانے میں پڑے ہوئے مسئلے کو پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم تسلی رکھے، مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہیں جہاں وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ 3 روز سے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا ہے جبکہ دو روز میں بھارت کے 5فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کا محتاط طریقے سے جواب دے رہے ہیں اور بھارتی افواج کی متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ایک مرتبہ پھر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی جانب سے موجودہ صورتحال میں سرحد پار کارروائی کشمیر کاز سے غداری ہوگی۔میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو 2001 سے جاری عالمی دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Scroll To Top