سری لنکا کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد کراچی پہنچ گیا

کولمبو سے آنے والا وفد پاکستان میں مجوزہ ٹیسٹ سیریز کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی وفد سیکریٹری موہن ڈیسلوا کی قیادت میں 4 روزہ دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گیا ہے، چیف سیکوریٹی ایڈوائز ایئر مارشل روشن گوناتیلکے اور انٹرنیشنل کرکٹ کے نگران چندی ماماپاتونا سمیت اسٹنٹ منیجر اینٹی کرپشن و سکیوریٹی مودیا سیلا گے پالیتھا بھی وفد کا حصہ ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے دونوں میچز عالمی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، ٹیسٹ میچ  اکتوبر میں کراچی اور لاہور میں کرانے کی تجویز ہے، سری لنکن وفد بدھ کی صبح سی پی او کا دورہ کرے گا، اس موقع پر وفد کوسیکوریٹی اداروں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

بعد ازاں وفد نیشنل اسٹیڈیم بھی جائے گا جہاں وفد کو حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا جائے گا، وفد اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرے گا جس کے بعد  وفد جمعرات کو لاہور روانہ ہو جائے گا، وفد دورہ پاکستان کی رپورٹ مرتب کرے گا جس کی روشنی میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا فیصلہ ہوگا۔

Scroll To Top