مال مسروقہ کی برآمدگی کی ایک اور قسط قوم کو مبارک ہو،فردوس عاشق اعوان

  • شاہی خاندان کے اہل وعیال کے نام پر منتقل شدہ جائیدادوں کی ضبطگی دراصل قوم کے مال کی واپسی کے خواب کی تعبیر ہے
  • یہ نیا پاکستان ہے ، اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ، کسی نے اختیارات کا غلط استعمال یاکرپشن کی تو اسے نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہنا ہوگا

اسلام آباد (صباح نیوز+ این این آئی) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ لوٹے مال کی واپسی کا خواب حقیقت بن رہا ہے،شاہی خاندان کی اہل وعیال کے نام پر جائیدادوں کی ضبطگی قوم کے مال کی واپسی کے خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ میں کہا کہ قانون پر عمل داری رنگ دکھا رہی ہے، چوروں کے 100 دنوں کے بعدشاہ کا ایک دن آن پہنچا ہے، مال مسروقہ کی برآمدگی کی ایک اور قسط قوم کو مبارک ہو۔فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ لوٹے مال کی واپسی کا خواب حقیقت بن رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں یہ انہونی پہلی بار ہونے جا رہی ہے کہ لوٹا ہوا مال واپس ہو رہا ہے، لٹیروں کی صفوں میں بوکھلاہٹ اور افراتفری پھیل چکی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کے گھر اور اہل وعیال کے نام پر جائیدادوں کی ضبطگی قوم کے مال کی واپسی کے خواب کی تعبیر ہے، تمام مجرم ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر قوم سے کیا گیا عہد وفا نبھا رہے ہیں دریں اثناء وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یہ نیا پاکستان ہے اور یہاں اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ہیں۔نجی ٹی و ی سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر رد عمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اداروں کو آزاد اور مضبوط کیا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں کسی نے اختیارات کا غلط استعمال یاکرپشن کی ہو تو ضرور گرفتاری ہونی چاہیے، یہ نیا پاکستان ہے، یہاں اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ہیں، قانون کے تابع ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ ہم اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنانا چاہتاہے۔

Scroll To Top