تحریک عدم اعتماد ناکام بنائیں گے : عمران خان کی صادق سنجرانی کو یقین دہانی

  • چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم تحریک کی ناکامی کے لئے پراعتماد ہیں، مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا کون سی جمہوری اقدار ہیں، وزیراعظم
  • وزیراعظم سے چیئرمین سینیٹ کی ملاقات ،اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد اور سیاسی صورتحال پر گفتگو، وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور قائد ایوان شبلی فراز بھی موجود تھے

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی،جس میں ان کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور قائد ایوان شبلی فراز بھی موجود تھے،ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی تحریک سے متعلق مشاورت کی ،اس موقع پر اعظم سواتی اور قائد ایوان شبلی فراز نے وزیر اعظم کو نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی ،وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ، وزیراعظم نے تحریک انصاف کے سینیٹرز کو مختلف جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم تحریک کی ناکامی کے لئے پراعتماد ہیں۔ مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا کون سی جمہوری اقدار ہیں۔ذرائع کے مطابق نے چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنجرانی صاحب! آپ ایوان شاندار انداز میں چلا رہے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں، آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے،خیال رہے کہ سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن جماعتیں چییرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا چکی ہیں اور اپوزیشن جماعتوں نے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کر دیا ہے

Scroll To Top