افغان سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 12 شدت پسند کمانڈرز ہلاک

دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورس اور خفیہ ادارے نے خوست میں مشترکہ آپریشن کیا (فوٹو : فائل)

کابل: افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ادارے کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران مسلح جنگجوؤں سے تصادم کے نتیجے میں 12 شدت پسند کمانڈر ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں افغان خفیہ ایجنسی اور افغان سیکیورٹی فورس کے مشترکہ سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران مسلح جنگجوؤں نے اہلکاروں پر حملہ کردیا، دو بدو جاری رہنے والی گھمسان کی جھڑپ میں 12 کمانڈر مارے گئے۔

افغان خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (NDS) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند کمانڈرز کا تعلق خوست، پکتیکا اور پاکتیا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث گروہ سے تھا۔ کارروائی میں 3 کمانڈرز کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔

افغان خفیہ ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے جنگجوؤں کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے ہے، کارروائی میں بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ افغان حکام نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے تاہم اپنے دعوے کے ثبوت میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

Scroll To Top