جاپان میں چاقوبردار شخص کی 2 راہگیروں کو ہلاک اور 17 کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی

لاک ہونے والوں میں 12 سالہ طالبہ بھی شامل ہے۔ فوٹو : رائٹرز

ٹوکیو: جاپان میں چاقو بردار حملہ آور نے راہگیروں پر پے در پے وار کر کے 2 افراد کو قتل اور 17 کو زخمی کرنے کے بعد خود کو چھری مار خود کشی کر لی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں چاقو بردار جنونی شخص نے اسکول کے سامنے بس اسٹاپ پر کھڑے راہگیروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 12 سالہ طالبہ اور ایک 39 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے 19 افراد کو نشانہ بنایا جن میں سے 2 نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا جب کہ دیگر 17 افراد کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔ ملزم نے خود پر بھی چاقو کے وار کر کے خود کشی کرلی۔

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ چاقو بردار 50 سالہ راہگیروں پر وار کرتا رہا اور بلند آواز میں کہتا رہا کہ ’میں سب کو قتل کردوں گا، میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا‘۔ ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ جاپان کے دورے پر ٹوکیو میں موجود ہیں جس کے باعث سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

Scroll To Top