چینی صدر کی دعوت: وزیراعظم 4روزہ دورے پرآج چین روانہ ہوں گے

  • دورے کی ایک اہم خصوصیت پاکستان اور چین کے درمیان آزاد وتجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط ہونا ہےں
  • عمران خان چینی صدر اور وزیراعظم کےساتھ ملاقاتیں کریںگے، بیجنگ میں دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم میں شرکت بھی کریں گے

اسلام آباد(الاخبار نیوز ) وزیراعظم عمران خان کل سے چین کا چار روزہ دورہ کررہے ہیں۔وہ یہ دورہ چینی صدر شی چن پنگ کی دعوت پر جمعہ کو بیجنگ میں شروع ہونے والے دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم میں شرکت کیلئے کررہے ہیں۔وزیراعظم فورم کی افتتاحی تقریب سے اہم خطاب اور رہنماﺅں کی گول میز کانفرنس میں شرکت کریںگے۔وہ ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے سے متعلق کئی دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کریںگے۔ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے میں شامل ملکوں کو علاقائی روابط پالیسی میں مطابقت پیداکرنے ‘ سماجی واقتصادی ترقی اور تجارت کے بارے میں خیالات اورتجربات کے تبادلے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔فورم میں چالیس ممالک کے رہنما اور سو سے زائد ملکوں ‘ بین الاقوامی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے وفود شرکت کریںگے۔وزیراعظم جن کے ہمراہ ایک وزارتی وفد بھی ہوگا کئی سربراہان مملکت اور کاروباری اورتاجر رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کریںگے۔عمران خان کے بیجنگ کے دورے کی ایک اہم خصوصیت پاکستان اور چین کے درمیان آزاد وتجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط ہونا بھی ہے۔چین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے دوران پاکستانی صنعتوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے معاہدے میں خصوصی اقدامات پر بھی غورکیاجارہا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کومزید بڑھانے کیلئے دورے کے دوران کئی دیگر معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیںگے۔وزیراعظم چینی صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی KEQIANG کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔ وزیراعظم بیجنگ بین الاقوامی باغبانی نمائش 2019ء میں شرکت کریںگے اور بیجنگ میں پاکستان کے بارے میں تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کریںگے۔یہ وزیراعظم کا چین کا دوسرا دورہ ہوگا۔انہوں نے اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں چین کا دورہ کیاتھا۔

Scroll To Top