وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ : فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

  • ا عجاز شاہ وزیر داخلہ ،فواد چوہدری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، غلام سرور خان ایوی ایشن ،اعظم سواتی پارلیمانی امور ،ظفراللہ مرزا مشیر برائے نیشنل ہیلتھ، ندیم بابرمعاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن مقرر
  • شہریار آفریدی وزیر مملکت برائے ریاستی و سرحدی امور جبکہ محمد میاں سومرو وزیر نجکاری ہونگے ،دوسری جانب علی امین گنڈا پور سے امور کشمیر ، عامر محمود کیانی سے قومی صحت اور طارق بشیر چیمہ سے ہاو¿سنگ کی وزارتیں واپس

اسلام آباد(الاخبار نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت دیگر وزراء سے ان کے قلمدان واپس لے لیے۔وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات واپس لے کر انہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاو¿س کے مطابق اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا ہے۔اس کے علاوہ غلام سرور خان سے وزارت پیٹرولیم لے کر وزارت ایوی ایشن دے دی گئی، شہریار آفریدی اب وزیر مملکت برائے داخلہ نہیں بلکہ وزیر مملکت برائے ریاستی و سرحدی امور (سیفران) ہوں گے۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق محمد میاں سومرو سے ایوی ایشن کی وزارت لے لی گئی ہے جبکہ وزارت نجکاری کا قلمدان ان کے پاس ہی رہے گا۔وزیراعظم آفس کے مطابق ظفراللہ مرزا کو وزیراعظم کا مشیر برائے نیشنل ہیلتھ بنادیا گیا ہے جبکہ فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنا دیا گیا ہے اور فی الحال وزیر خزانہ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنا دیا گیا ہے۔ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق ندیم بابر کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویڑن جبکہ ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے قومی صحت تعینات کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، عامر محمود کیانی سے قومی صحت اور طارق بشیر چیمہ سے ہاو¿سنگ کی وزارت بھی واپس لے لی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے استعفیٰ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مونس الہٰی کو وزارت ہاو¿سنگ دیئے جانے کا امکان ہے۔اس حوالے سے فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم آفس اس حوالے سے اعلان کرے گا۔

Scroll To Top