نیوزی لینڈ:2 مساجد پردہشتگرد حملے، 49 افراد جاں بحق

  • 2مساجد دہشتگردی کا نشانہ بنیں ، ایک مسجد میں بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کےلئے پہنچے تھے،مسلح شخص نے ہیگلے پارک کے قریب ڈینز ایونیو کی النور مسجد میں ایک بجکر 40 منٹ پر داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی، لائیو ویڈیو بھی بناتا رہا ،فائرنگ کا دوسرا واقعہ لنوڈ ایونیو کی مسجد میں پیش آیا
  • مرکزی حملہ آور کی شناخت28سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے جو آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کر دی ہے، واقعہ میں ملوث 4افراد جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے گرفتار، علاقے کی تما م مساجد تاحکم ثانی بند

کرائسٹ چرچ (آن لائن)نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک مسجد میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے جو بال بال بچ گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سے 2 بجے کے درمیان 2مساجد میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے اور ایک مسجد میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔مسلح شخص نے ہیگلے پارک کے قریب ڈینز ایونیو کی النور مسجد میں ایک بجکر 40 منٹ پر داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کی لائیو ویڈیو بھی بناتا رہا جو کہ سوشل میڈیا پر وائر ل ہو چکی ہے ۔فائرنگ کا دوسرا واقعہ لنوڈ ایونیو کی مسجد میں پیش آیا ،جہاں فائرنگ سے 10 افراد جاں بحق ہوئے ۔پولیس کے مطابق 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے میڈیا کو واقعے سے متعلق بریفنگ کے دوران تصدیق کی کہ مساجد پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے حملے کیے گئے جو دہشتگردی ہے ،جس میں 40 افراد جاں بحق ہوئے۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے، مسجد پر حملہ کرنےوالے دہشت گرد واچ لسٹ میں نہیں تھے، شہریوں سے درخواست ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا ہے جسے ناکارہ بنادیا۔ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا آج کا دن نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔دوسری جانب خبر رساں ادارے کے مطابق النور مسجد میں فائرنگ اور اس کی ویڈیو بنانے والے حملہ آور سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ 28 سالہ آسٹریلوی شہری ہے ،تاہم پولیس کی جانب سے اس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم نے حملہ آور کے آسٹریلوی شہری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور دائیں بازو سے تعلق رکھنے والا انتہا پسند اور متشدد دہشتگرد ہے ،جس نے مسجد پر فائرنگ کر کے کئی معصوم انسانی جانوں کو ختم کیا ،جس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔حملہ آور فائرنگ کے وقت اپنی لائیو فیس بک ویڈیو بھی بناتا رہا جو وائرل ہونے سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی پولیس کی جانب سے ڈیلیٹ کرادی گئی ہیں۔

Scroll To Top