نیا پاکستان پرامن اورابھرتے معاشی مواقع سے بھرپور ہے،عمران خان

  • معروف بین الاقوامی سرمایہ کار آج پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا مظہر ہے،بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد نہ صرف بحال ہو چکا ہے بلکہ وہ مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو رہے ہیں
  • وزیر اعظم سے اسلام آباد سمٹ میں شرکت کرنے والے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 60سے زائد مندوبین کی ملاقات، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد ، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمینٹ ہارون شریف بھی موجود تھے

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد سمٹ میں شرکت کرنے والے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سے زیادہ مندوبین نے وزیر اعظم آ فس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داد ، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمینٹ ہارون شریف بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان یکسر تبدیل ہو چکا ہے۔ نیا پاکستان ایک پرامن اور ابھرتے ہوئے سماجی اور معاشی مواقعوں سے بھرپور پاکستان ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معروف بین الاقوامی سرمایہ کار آج پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کاروبار کرنے میں آسانیاں اورسہولیات میں بہتری کا مظہر ہے۔ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور منافع بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔ کاروباری برادری کے منافع بنانے سے کاروباری عمل میں تیزی آئے گی جس سے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف ممالک سے مندوبین کا اسلام آباد سمٹ میں شرکت اور اسلام آباد میں اس کانفرنس کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد نہ صرف بحال ہو چکا ہے بلکہ وہ پاکستان کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے لئے راغب ہو رہے ہیں۔

Scroll To Top