کے پی، بلوچستان اور پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 23 افراد جاں بحق

  • چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں باجوڑ میں 3،وادی تیراہ میں فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار ،نوشہرہ میں 2 ،دیر بالا میں 4 افراد جاں بحق
  • اوتھل سیلابی ریلے میں 4 افراد بہہ گئے ،راجن پور اور ملتان میں چھتیں گرنے سے 7افراد جاں بحق ،آزاد کشمیر میں برفانی تودے تلے دب کر ایک بچی جاں بحق

اسلام آباد(الاخبار نیوز) خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ جانے، کچے مکانات، چھت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں کم از کم 23 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے ضلع مکران اور قلات ڈویژن میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ اوتھل میں  سیلابی صورتحال کے باعث 4 افراد لاپتہ ہوگئے جب کہ ریسکیو ذرائع کے مطابق برساتی ریلے میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث صورتحال کنٹرول میں ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بارشوں میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ضلع آواران میں شدید بارش کے باعث ملار بند کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ضلع کا مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔شمالی بلوچستان میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا تاہم ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے اور سیلابی ریلے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان، ضلعی انتظامیہ چمن کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد 40 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ وادی زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی اور کان مہترزئی میں برفباری کے بعد آمد و رفت کی بحالی کے لیے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔حب ڈیم انتظامیہ کے مطابق رات گئے ہونے والی بارش سے ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڑھ فٹ تک بلند ہوگئی اور ڈیم میں اس وقت ڈھائی فٹ پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں اصیل ترغاو¿ گاو¿ں میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں5 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔وادی تیراہ کے علاقے غیبی نیکہ میں چیک پوسٹ کی چھت گرنے سے فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔نوشہرہ کے علاقے کاہی نظام پور میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر دو افراد جاں بحق ہو گئے۔دیر بالا میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے خاتون اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔گوجرانوالہ میں گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول اروپ کے چھت کا ایک حصہ گر گیا اور ملبے تلے دب کر خاتون ٹیچر جاں بحق ہو گئی۔ پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے روجھان میں بارش کے بعد کچے مکان کی چھت گرے سے میاں بیوی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ملتان میں بدھلہ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔آزاد کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کے علاقے ریشیاں کے نالے میں برفانی تودے تلے دب کر ایک بچی جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے

Scroll To Top